07 ستمبر ، 2020
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) احد چیمہ کے خلاف ایل ڈی اے سٹی کیس میں تحقیقات بند کرنے کے لیے احتساب عدالت سے رجوع کرلیا۔
نیب نے لاہور کی احتساب عدالت میں درخواست جمع کرائی جس میں نیب پراسیکیوٹر نے ایل ڈی اے سٹی میں احد چیمہ سمیت 9 افراد کے خلاف تحقیقات بند کرنے کی استدعا کی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر عدالت ہماری درخواست منظور کرتی ہے تو احد چیمہ سمیت دیگر ملزم اس کیس میں بری ہوجائیں گے۔
نیب پراسکیوٹر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایل ڈی اے سٹی نے متاثرین کوپلاٹس دینےکی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ ٹھیکیداروں نے بھی ایل ڈی اے سٹی کی 90 فیصد زمین فراہم کردی ہے۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وکلاء کو 11 ستمبر کو بحث کے لیے طلب کرلیا ہے۔
خیال رہے کہ نیب نے 21 فروری 2018 کو کارروائی کرتے ہوئے احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا، ان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی اور ایل ڈی اے سٹی کیس کی تحقیقات کی جارہی تھیں۔
رواں سال جنوری میں لاہور ہائیکورٹ نے ایل ڈی اے سٹی کیس میں احد چیمہ کی ضمانت منظورکی تھی۔