Time 28 مئی ، 2018
پاکستان

احد چیمہ کے خلاف کیس میں اہم پیش رفت، نیب نے چھپائی گئی رقم برآمد کرلی

نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں بے ضابطگی پر احد چیمہ کو فروری میں گرفتار کیا تھا۔ فوٹو: فائل

لاہور: ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر احد چیمہ کے خلاف کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور نیب نے ملزم کی جانب سے چھپائی گئی بھاری رقم برآمد کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب افسران نے لاہور کے معروف کار ڈیلر کے شو روم پر چھاپہ مار کر ملزم احد چیمہ کی جانب سے چھپائے گئے ایک کروڑ 45 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جیل روڈ پر واقع شوروم سے احد چیمہ کی ملکیتی گاڑی بھی برآمد ہوئی جس کی مالیت ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کے قریب ہے۔

خیال رہے کہ نیب نے رواں برس فروری میں کارروائی کرتے ہوئے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو گرفتار کیا تھا۔

نیب نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی نے 2015 میں ایل ڈی اے کو آشیانہ اقبال پروجیکٹ کا ٹھیکا دیا تھا۔

اعلامیے کے مطابق احد چیمہ نے بطورڈی جی ایل ڈی اے ٹھیکا دینے میں اختیارات کا غلط استعمال کیا، احد چیمہ نے 14 ارب روپے کا آشیانہ اقبال پروجیکٹ کا ٹھیکا ایک کمپنی کو دیا، جس کمپنی کو ٹھیکا دیا گیا وہ اس کی اہل نہیں تھی، ٹھیکا پی پی پی ایکٹ 2014 میں خلاف ورزی کر کے دیا گیا۔

احد چیمہ کی گرفتاری پر پنجاب حکومت نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے نیب کی کارروائی کو غیر مناسب قرار دیا تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے احد چیمہ کو شہباز شریف کا فرنٹ مین قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ احد چیمہ وہ طوطہ ہے جس میں شہباز شریف کی جان ہے۔

مزید خبریں :