ڈبلیو ایچ او کا دنیا کو عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے سیکھنے کا مشورہ

عالمی ادارہ صحت نے دنیا کو کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان سے سیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

کورونا وبا کے خلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی عالمی ادارے یک آواز ہو گئے اور حکومت کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے دنیا کو عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت 7 ممالک سے سیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت ان سات ممالک کی وبا کے خلاف تیاری اور ردعمل میں دنیا کے لیے سبق ہے۔

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے پاکستان، تھائی لینڈ، نیوزی لینڈ، اٹلی، منگولیا، ماریشس اور یوراگوئے کی تقلید کی جا سکتی ہے، کورونا وائرس نے یاد دلایا کہ کثیرالجہتی نظام صحت انتہائی ناگزیر ہے۔

سربراہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس اڈہانوم کا کہنا ہے ہمیں آئندہ کی عالمی وبا کے لیے تیار اور کورونا وبا سے سبق سیکھنا ہو گا۔

عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اس سبق کو پاکستان سمیت سات ممالک دنیا کو بہتر سکھا سکتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے مستقبل کی وبا کے لیے دنیا کو تیار رہنےکا انتباہ جاری کر دیا، یہ آخری وبا نہیں، تاریخ بتاتی ہے وبائیں، بیماریاں زندگی کی حقیقت ہیں۔

ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا ہے آئندہ جب بھی وباء آئے دنیا کو لازماً آج سے زیادہ تیار ہونا چاہیے، آج شعبہ صحت میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آج شعبہ صحت کو سماجی، اقتصادی، سیاسی استحکام کی بنیاد بنانا ناگزیر ہے، ادویہ میں بہت بہتری آئی لیکن بیشتر ممالک نے شعبہ صحت کو نظر انداز کیا۔

عالمی ادارہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ محفوظ اور صحتمند مستقبل کے لیے ہر ملک کو شعبہ صحت میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔

مزید خبریں :