11 ستمبر ، 2020
لاہور کی احتساب عدالت نے شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بذریعہ وزارت خارجہ جاری کردیے۔
احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔
عدالت نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر کی اہلیہ اور صاحبزادی رابعہ عمران کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کر لیا۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف بیرون ملک فرار ہوگئے لہذاعدالت ہارون یوسف سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتی ہے اور ہدایت کرتی ہے کہ اندرون و بیرون ملک کی تمام اتھارٹیز کے ذریعے فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی اہلیہ اور صاحبزادی کی طلبی کے نوٹس دوبارہ جاری کیے جاتے ہیں جو ان کی رہائش گاہوں کے باہر چسپاں کیے جائیں۔ بیرون ملک ہونے کے باعث سلیمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری عمل درآمد ہونے تک برقرار رہیں گے۔
جیل حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ حمزہ شہباز کو آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ فیصلے کے مطابق شہباز شریف، ان کی صاحبزادی جویریہ علی سمیت 9 ملزمان نے ریفرنس کی کاپیاں وصول کرلی ہیں عدالت نے سماعت پر مزید کارروائی 14ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔