پاکستان
Time 10 ستمبر ، 2020

' آپ نے جوکام کیے اُس کا صلہ اللہ دےگا،لوگوں سے صلہ نہیں مانگتے'

منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بیان دیا ہےکہ انہوں نے 10 سال میں اپنے فرض سے بڑھ کر پنجاب کے عوام کا پیسہ بچایا اور ان پر منی لانڈرنگ کا الزام لگادیا گيا۔

احتساب عدالت لاہور کے جج جوادالحسن کے روبرو شہباز شریف خاندان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی، اس موقع پر شہباز شریف اپنی بیٹی جویریہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

شہباز شریف نے عدالت سےکچھ کہنے کی استدعا کی، اجازت ملنے پر انہوں نے کہا کہ میں نے  وزیراعلیٰ ہوتے ہوئے قومی خزانے کے اربوں روپے بچائے جب کہ ان کے خاندان کے کاروبار کو اربوں کا نقصان ہوا، میں نے 10 سال عوام کی خدمت کی  ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان پر خاندان کا بھی دباؤ تھا کہ گنے کے ریٹ کم کرکے سبسڈی دی جائے لیکن انہوں نے نہ گنے کی قیمت کم کی اور نہ ہی سبسڈی دی، ان کے بیٹے سلیمان شہباز کی مل کو  46 کروڑ اور بھائیوں کے بچوں کی ملز کو 42کروڑ کا نقصان ہوا، مجھ پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ یہ میری بے نامی جائیدادیں ہیں، اگر یہ میری ہوتیں تو کیا میں ان کو نقصان پہنچاتا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کی حکومت میں جو ترقیاتی کام ہوئے وہ ماضی کا حصہ ہیں، آپ نے جوکام کیے اُس کا صلہ اللہ دےگا، لوگوں سے صلہ نہیں مانگتے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر نے سلیمان شہباز کے وارنٹ سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا کہ بیرون ملک ہونے کے باعث ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی، عدالت نے سلیمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے نیب کو ہدایت کی کہ اندرون اور بیرون ملک تمام اتھارٹیز سے ہدایات لےکر رپورٹ جمع کرائیں۔

عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کو نوٹس موصول نہ کرانے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کی دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کردیے۔

حمزہ شہباز کی پیشی سے متعلق جیل حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بخار کے باعث حمزہ شہباز کوعدالت میں پیش نہیں کیا گیا،عدالت نے حمزہ شہباز کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنس پرمزید سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت انہیں اور ان کے خاندان کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے، یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے، اللہ پر پورا بھروسہ ہے کہ انصاف ملےگا۔

خیال رہے کہ شہباز شریف آمدن سے زائد اثاثے اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں جب کہ حمزہ شہباز جیل میں قید ہیں اور سلیمان شہباز ملک سے باہر موجود ہیں۔

مزید خبریں :