Time 13 ستمبر ، 2020
پاکستان

فیصلہ کن تحریک سے قبل نواز شریف کو وطن واپس آنا ہو گا: حافظ حسین احمد

حکمران اور ان کے پشتی بان چاہتے ہیں کہ نواز شریف بیرون ملک رہیں اورخاموش رہیں،حافظ حسین احمد،فوٹو: فائل

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک اور  اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) سے پہلے نواز شریف کو  واپس آنا ہو گا۔

ایک بیان میں حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ حالات کے تناظر میں نواز شریف کو فوری واپس آنا چاہیے، ہمیں نواز شریف کی بیماری اور مسائل کا احساس ہے لیکن ووٹ کو عزت دوکے بیانیے اور حکومت مخالف تحریک کا فیصلہ ٹیلیفون یا خط کے ذریعے سے ممکن نہیں ہے۔

حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ حکمران اور ان کے پشتی بان چاہتے ہیں کہ نواز شریف بیرون ملک رہیں اور خاموش رہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وطن کی فضا میں نواز شریف کے داخل ہونے سے ہی اکثر معاملات واضح ہو سکتے ہیں اور  ان افواہوں کا خاتمہ ہو سکتا ہے جن میں الزام ہےکہ حکومت کو 5 سال پورےکرنےکی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

 مرکزی ترجمان جے یو آئی ف کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے میثاق جمہوریت کے بجائے میثاق مفاہمت کو اہمیت دی تو درست نہیں ہو گا، متحدہ اپوزیشن کے اتحاد کے لیے اے پی سی آخری موقع ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں :