Time 16 ستمبر ، 2020
پاکستان

آگ لگنے کے پے در پے واقعات پر پشاور بی آر ٹی سروس عارضی طور پر معطل

بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پشاور کی بسوں میں آگ لگنے کے پے در پے واقعات کے باعث سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی۔

بی آر ٹی منصوبے کے آغاز کو ایک ماہ کا عرصہ ہی گزرا ہے اور اس عرصے میں بسوں میں آتشزدگی اور خرابی کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔

آج بھی حیات آباد فیڈر روٹس پر چلنے والی بی آرٹی بس میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔

ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی بس سے شہریوں کو باحفاظت نکال لیا گیا جب کہ بس میں موجود آگ بجھانے والے آلے کی مدد سے آگ بروقت بجھائی گئی، بی آر ٹی کےتمام ڈرائیورز کو ہنگامی صورت حال سے نمٹنےکے لیے ٹریننگ دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق بی آر ٹی بس سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے اور تمام بسوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بس بنانے والی کمپنی کی ٹیم تمام بسوں کا معائنہ کرے گی، ہر بس کو تکنیکی اعتبار سے مکمل کلئیر کرنے کے بعد بحال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بی آر ٹی بسوں میں آتشزدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے، 3 بسوں میں آتشزدگی جب کہ 2 بسیں خراب ہوئی ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر 5 بسیں اِس وقت متاثر ہیں۔

مزید خبریں :