Time 17 ستمبر ، 2020
پاکستان

نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سیکرٹری خارجہ کو ارسال

سابق وزیراعظم نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سیکرٹری خارجہ کو ارسال کردیے گئے اور دفترخارجہ کو برطانیہ میں ہائی کمیشن کےذریعے وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی 22 ستمبر اور دیگر تاریخوں پر حاضری یقینی بنانے کا حکم جاری کر رکھا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں اپیلوں پر سماعت کے دوران نواز شریف کی حاضری کے لیے جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تعمیل کے لیے سیکرٹری خارجہ کو ارسال کر دیے ہیں اور دفتر خارجہ کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا گیا ہے۔ 

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عدالتی احکامات کی روشنی میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سیکرٹری خارجہ کو ارسال کیے۔

سیکرٹری دفتر خارجہ کو کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی 22 ستمبر اور اس کے بعد دیگر تاریخوں پر حاضری یقینی بنائی جائے۔ 

خیال رہے کہ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت پر نواز شریف کی حاضری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔  

مزید خبریں :