Time 20 ستمبر ، 2020
پاکستان

حکومت کیخلاف صحیح وقت پر صحیح نمبرز کے ساتھ فیصلے کریں گے: بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس احتجاج، استعفے اور تحریک عدم اعتماد سمیت تمام جمہوری اور آئینی آپشن ہیں، صحیح وقت پر صحیح نمبرزکے ساتھ فیصلے کریں گے۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب ہم اس حکومت کےخلاف تحریک چلا رہےہیں، اپوزیشن اتحاد پر مشتمل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کل سے اپنا کام شروع کردے گی، ہم ایک دن چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت ہمارا مقصد ہے، ہم سب متحد ہیں اور پوری طاقت کے ساتھ تحریک چلائیں گے،احتجاج، استعفے اور تحریک عدم اعتماد  تمام جمہوری اور آئینی آپشن ہیں، صحیح وقت پر صحیح نمبرز کے ساتھ فیصلے کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم صاف شفاف الیکشن چاہتے ہیں،پارلیمان میں یہی آواز اٹھائیں گے، پی ڈی ایم کی صورت میں تمام جمہوری قوتیں متحد ہوچکی ہیں، ہم نے عوام، پارلیمان اور جمہوریت کی آزادی اور وقار کو بحال کرنا ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں بلاول کا کہنا تھاکہ شہزاد اکبر وزیراعظم کے معاون خصوصی ہیں، منتخب رکن نہیں لیکن بلز کے لیے گنتی کے وقت پارلیمنٹ میں تھے، سب کے سامنے دھاندلی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اے پی سی اعلامیے کے مطابق اکتوبر اور نومبر میں  ملک کے صوبائی دارالحکومتوں (کراچی، کوئٹہ، پشاور اور لاہور) سمیت دیگر بڑے شہروں میں مشترکہ جلسے کیے جائیں گے اور دسمبر میں دوسرے مرحلے میں صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی عوامی ریلیاں اور مظاہرے ہوں گے جب کہ جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :