Time 21 ستمبر ، 2020
پاکستان

ڈاکٹر ماہا مبینہ قتل کیس: ضمانت مسترد ہونے پر دونوں ملزمان عدالت سے فرار

ڈاکٹر ماہا مبینہ قتل کیس  میں سٹی کورٹ نے  ملزم جنید اور وقاص کی درخواست ضمانت مسترد کردی جس کے بعد ملزمان اپنے وکیل کی معاونت سے باآسانی عدالتی احاطے سے فرار ہوگئے اور پولیس دیکھتی رہ گئی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت نے ڈاکٹر ماہا شاہ خودکشی میں ملزمان جنید اور وقاص کی درخواست ضمانت مسترد کردی جس کے بعد ملزمان احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے۔

عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں توثیق کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد دونوں ملزمان احاط عدالت سے دوڑتے ہوئے باہر نکل گئے۔ ملزم جنید کے وکیل تفتیشی افسر کو مسلسل ملزم کی گرفتاری سے روکتے رہے جب کہ ملزم جنید ایک ہاتھ میں ہتھکڑی سمیت فرار ہوگیا۔

ملزم جنید نے تفتیشی افسر پر الزام بھی عائد کیا ہے کہ کیس میں فائدہ دینے کے لیے اس نے ایک لاکھ روپے رشوت وصول کی ہے۔

دونوں ملزمان کے خلاف مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد آصف علی شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ملزمان نے ان کی بیٹی کو نشے کا عادی کیا اس پر تشدد کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان آج عدالت سے فرار ہوگئے ہیں ملک سے بھی فرار ہوجائیں گے۔

ملزم جنید کے وکیل تفتیشی افسر کو مسلسل ملزم کی گرفتاری سے روکتے رہے جبکہ ملزم جنید ایک ہاتھ میں ہتھکڑی سمیت فرار ہوگیا۔

مزید خبریں :