26 ستمبر ، 2020
بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن پر کرکٹ کے میدانوں میں پابندی ہے جس کے باعث انہوں نے نئے پیشے کا انتخاب کر لیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ برس اکتوبر میں آل راؤنڈ شکیب الحسن پر سٹے بازوں سے ملاقات رپورٹ نہ کرنے پر دو سال کی پابندی عائد کی تھی۔
شکیب الحسن کو بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کا اہم رکن تصور کیا جاتا تھا لیکن کرکٹ کے میدانوں میں اترنے کی پابندی کے باعث شکیب الحسن نے نئے پیشے کا انتخاب کر لیا ہے۔
شکیب الحسن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ایک ہال نما گودام میں بیٹھے ہیں جہاں ان کے سامنے ایک میز پر رجسٹر اور دوسری پر دالوں کے کچھ چھوٹے تھال بڑی نفاست کے ساتھ رکھے ہوئے ہیں۔
بنگلا دیشی کرکٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کیے جانے کے بعد صارفین کی جانب سے ملے جلے تاثرات کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ اسپاٹ فکسنگ اور میچ فکسنگ کے الزامات اور پابندی کے بعد یہی آپ کے لیے بہتر ہے، لیکن اب دھوکا مت دینا کیونکہ آپ بہت سوں کے لیے رول ماڈل ہیں اور انہیں مایوس مت کیجیے گا۔
محمد شفی بھٹ نامی صارف نے لکھا کہ ایماندار رہنا اور منشی کے کام میں فکسنگ مت کرنا۔
محمد متقین نامی صارف نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ ہر شخص ہر فیلڈ میں آل راؤنڈ بن جائے، ہم دیکھتے ہیں کہ آپ اس فیلڈ میں کتنے کامیاب ہوتے ہیں، لیکن ہماری خواہش ہے کہ آپ صرف اور صرف کرکٹ سے جڑے رہیں، بنگلا دیش اور کرکٹ کی دنیا آپ کی مزید اننگز دیکھنا چاہتی ہے۔