Time 26 ستمبر ، 2020
انٹرٹینمنٹ

سشانت کیس: دپیکا، شردھا اور سارہ خان سے بھی پوچھ گچھ

فوٹو: بشکریہ دی انڈین ایکسپریس

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی سے منسلک منشیات سے متعلق تحقیقات میں اداکارہ دپیکا پڈوکون، سارہ خان  اور شردھا کپور کو طلب کرکے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون آج صبح ممبئی کے ایولین گیسٹ ہاؤس میں پوچھ گچھ کے لیے پہنچیں جہاں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم موجود تھی۔

سشانت سنگھ کی خودکشی سے منسلک منشیات سے متعلق تحقیقات میں  دپیکا پڈوکون کے علاوہ شردھا کپور اور سارہ علی خان سے بھی آج پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سارہ علی خان اور شردھا کپور سے بیلارڈ اسٹیٹ میں موجود نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے دفتر میں پوچھ گچھ کی گئی۔

دوسری جانب اداکارہ دپیکا کی مینیجر کرشمہ پرکاش سے جمعے کے روز پوچھ گچھ کی گئی تھی جب کہ ان سے آج بھی یعنی دوسرے دن پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دپیکا کی مینیجر کرشمہ پرکاش سے پوچھ گچھ کا دورانیہ 4 گھنٹے تھا۔

سشانت سنگھ کی خودکشی کیس کا پس منظر

خیال رہے کہ رواں سال 14 جون کو 34 سالہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے پر سی بی آئی سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔

بعد ازاں سشانت گھر والوں نے ان کی دوست ریا چکرورتی کو اداکارکی خودکشی کی وجہ قرار دیا تھا اور ان کے خلاف بہار میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس کے بعد معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا تھا۔

سشانت کے گھر والوں نے ریا چکرورتی پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے سشانت سے پیسے کیلئے تعلقات قائم کیے، اسے نشے کا عادی بنایا ، اپنے فائدے کیلئے استعمال کیا اور ایسے حالات کا شکار کردیا کہ وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں بالی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات بھارت کی تحقیقاتی ایجنسی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کو دینے کا حکم دیاتھا۔

ریا چکرورتی سشانت کے والدین کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کرتی آئیں ہیں اور وہ خود وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے سشانت کی موت کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔

مزید خبریں :