28 ستمبر ، 2020
بالی وڈ اداکاراؤں دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان، شردھاکپور اور راکول پریت سنگھ نے کسی بھی قسم کی منشیات کے استعمال تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ واٹس ایپ پیغامات میں ہاتھ سے رول کیے گئے سگریٹس پر گفتگو کر رہی تھیں۔
اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی میں منشیات کے پہلو کی تحقیقات کے دوران بھارت کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این بی سی) نے چاروں اداکاراؤں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔
ایک این سی بی اہلکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ چاروں اداکاراؤں نے منشیات کے استعمال کی تردید کی ہے اور بتایا ہے کہ وہ تو تمباکو نوشی بھی نہیں کرتیں۔
یاد رہےکہ بالی وڈ سے جڑی شخصیات کے ایک واٹس ایپ گروپ میں منشیات پر ہونے والی گفتگو بھارتی تحقیقاتی اداروں کے ہاتھ لگی تھی اور مبینہ طور پر دپیکا پڈوکون اس گروپ کی ایڈمن تھیں۔
اسی گفتگو کی بنیاد پر این سی بی نے چاروں اداکاراؤں کو طلب کیا تھا۔ این سی بی اہلکار کے مطابق چاروں نے پوچھ گچھ کے دوران سشانت سنگھ کے مبینہ طور منشیات کے عادی ہونے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ مذکورہ اداکاراؤں نے رضاکارانہ طور پر اپنے موبائل فونز بھی تحقیقاتی اداروں کے سپرد کر دیے ہیں۔
اس حوالے سے مذکورہ این سی بی اہلکار کا کہنا ہےکہ موبائل فون کے تیکنیکی معائنے سے سب کچھ واضح ہو جائے گا۔
دو روز قبل سشانت سنگھ کی خود کشی سے جڑے منشیات کیس میں بھارتی ادکارائیں دپیکا پڈوکون، سارہ علی خان، شردھا کپور اور راکیل پریت سنگھ این سی بی کے دفتر آئیں جہاں ان سے کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی کی تحقیقات کے دوران اداکارہ دپیکا پڈوکون نے اپنی منیجر کرشمہ پراکاش سے منشیات منگوانے کا اعتراف بھی کیا۔