پاکستان
Time 28 ستمبر ، 2020

شہباز شریف کی گرفتاری پر نواز شریف کا ردعمل بھی سامنے آگیا

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری پر سابق وزیراعظم نواز شریف کا بھی ردعمل سامنے آگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نواز شریف نے کہا کہ ’آج شہباز شریف کو گرفتار کر کے اس کٹھ پتلی نظام نے اے پی سی کی قرارداد کی توثیق کی ہے‘۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ’شہباز شریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ جیل کے اندر ہوں یا باہر، اے پی سی میں کیے گئے تمام فیصلوں پر عمل درآمد ہو گا‘۔

سابق وزیراعظم نے خبردار کیا کہ ’کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں جھکایا جا سکتا ہے‘۔

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو گرفتار کرلیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے بھی ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کسی جرم کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہونے کی وجہ سے ہوئی۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی تقریر اور آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا، تحریک چلے گی اور بھرپور طریقے سے چلے گی، نوازشریف جلد وطن واپس آکر اپوزیشن کی تحریک کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے بیانیے کا بوجھ ہر ایک نہیں اٹھا سکتا، شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ کھڑا رہے گا، ن لیگ میں سےش نہیں نکلے گی، ایسی باتیں ش لیگ نکالنے میں ناکامی کی چیخیں ہیں۔

مزید خبریں :