29 ستمبر ، 2020
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین افغان کونسل برائے قومی مفاہمت عبداللہ عبداللہ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کےکامیاب نتائج کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ، سیاسی حل ہی آگے بڑھنےکا واحد راستہ ہے، خوشی ہےعالمی برادری نے ہمارے اس مؤقف کو تسلیم کیاہے، عالمی برادری نےافغانستان کا امن عمل آسان بنانےمیں پاکستان کامثبت کردار بھی تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا، طالبان کا امن معاہدہ امن کی کوششوں کےلیے اہم قدم تھا، امید ہے افغان قیادت اس تاریخی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی، امیدہےافغان قیادت وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کیلئے تعمیری انداز میں کام کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنگ بندی سے تشدد میں کمی کیلئے تمام افغان جماعتوں کو کام کرنا ہوگا، پاکستان افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہوئے اتفاق کی حمایت کرے گا، پاکستان افغان تنازع کے حل کے بعد بحالی، معاشی ترقی میں بھی حمایت جاری رکھےگا۔
عمران خان نے کہا کہ پاک افغان تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان افغان راہداری تجارت کی سہولت کیلئےکوششیں جاری رکھےگا، افغانستان سےتجارت، معاشی، عوامی تعلقات مزیدمضبوط بنائیں گے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ وہ صدر اشرف غنی کی دعوت پر دورہ افغانستان کے منتظر ہیں۔