02 اکتوبر ، 2020
سندھ بھر میں جہاں کورونا کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے وہاں صوبے کی 22 جیلوں میں صورتحال بہت بہتر ہے اور اب صرف 6 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔
109 جیل اہلکاروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی تاہم تمام اہلکار صحت یات ہوگئے ہیں۔
آئی جی جیل خانہ جات قاضی نظیر احمد نے بتایا کہ سندھ بھر کی جیلوں میں کورونا صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس وقت سندھ کی جیلوں میں کورونا کے صرف 6 ایکٹو کیسز موجودہیں، ان میں سے 4کیسز خیرپور، ایک سکھر اور ایک گھوٹکی میں موجودہے۔
آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق اب تک مجموعی طور پر سندھ کی 22 جیلوں میں 11308 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1578 قیدیوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی جو کہ 13 اعشاریہ 9 فیصد ہے۔
ان میں سے 1527مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوگئے ہیں اور اب صرف صفر اعشاریہ 6فیصد کیسز جیلوں میں رہ گئے ہیں۔
آئی جی جیل خانہ جات قاضی نظیر نے مزید بتایا کہ باقی 44قیدیوں کی اس دوران ضمانت پر رہائی ہوگئی ہے، صوبے کے 109 جیل اہلکاروں میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی تھی تاہم تمام صحت یاب ہوگئے ہیں۔