05 اکتوبر ، 2020
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کیخلاف مقدمے کے اندراج پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
انوازشریف اور دیگر ن لیگی ارکان کیخلاف مجرمانہ سازش کی ایف آئی آر پر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کواس ایف آئی آر کا علم نہیں تھا جس میں نوازشریف اور دیگر کو نامزد کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ’میں نے اس ایف آئی آرکا بتایا تووزیراعظم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا‘۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہےکسی نے کارروائی ڈالنے کیلئے ایسا کیا ہو، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بغاوت کے مقدمے بنانا تو حکومت کی پالیسی ہی نہیں، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے سیاست کی شطرنج پر ابھی ہماری چال باقی ہے، نون لیگ پیادے بچائے شاہ اور وزیر کا کھیل ابھی دور ہے، جلدی کیا ہے ؟
خیال رہے کہ لاہور کے تھانا شاہدرہ میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سمیت مسلم لیگ ن کے 40سے زائد نامزد رہ نماؤں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات مجرمانہ سازش کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ نواز شریف نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاسوں میں اپنی تقاریر میں دشمن ملک بھارت کی ڈیکلیئرڈ پالیسی کی تائید کی۔
یہ مقدمہ بدر رشید نامی شہری کی جانب سے یکم اکتوبر 2020ء کو مجرمانہ سازش کی دفعات کے تحت درج کرایا گیا ہے۔