Time 08 اکتوبر ، 2020
پاکستان

سندھ کا بنڈل آئی لینڈ دبئی کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا، گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم کراچی کے جزائر پر 2 نئے شہر آباد کرنا چاہتے ہیں— فوٹو: فائل

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ کا بنڈل آئی لینڈ دبئی کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم کراچی کے جزائر پر 2 نئے شہر آباد کرنا چاہتے ہیں، بنڈل آئی لینڈ سندھ کا ہی حصہ رہے گا، ڈیڑھ لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی، بنڈل آئی لینڈ سے ہونےوالی آمدنی سندھ حکومت کو جائے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں میٹنگ بنڈل آئی لینڈ اور راوی سٹی سے متعلق تھی، وزیراعظم کی خواہش ہے بنڈل آئی لینڈ ، راوی سٹی سے زیادہ بہتری سے ابھرے ، دو نئے شہر آباد کرنا چاہتے ہیں، بنڈل آئی لینڈ کوئی ہاؤسنگ پراجیکٹ نہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ آلودگی کے مسائل کو مدنظر رکھ کر جامع ماسٹر پلان کے تحت شہر آباد کیا جائے گا، بنڈل آئی لینڈ کے پانی کو صاف کیا جائے گا، بنڈل آئی لینڈ کو اٹھا کر اسلام آباد نہیں لے آئیں گے، 40 سے 50 لاکھ سیاح آئیں گے، تمام ریونیو سندھ حکومت کو جائے گا۔

گو رنر سندھ نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ میں شہر بسانے کے لیے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیا جائے گا، تمام دنیا سے لوگ وزیراعظم ہاؤس میں رابطہ کر رہے ہیں، بین الاقومی سرمایہ کار اس میں دلچسپی لے رہے ہیں، پراجیکٹ سے 50 بلین ڈالرز آئیں گے،ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان، علی زیدی اور عمران اسماعیل کے پلاٹ نہیں ہوں گے، بنڈل آئی لینڈ کی ترقی سے سندھ کی ترقی جڑی ہے، بنڈل آئی لینڈ دبئی کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ نئے شہر بڑے بڑے ملکوں میں بسا گئے ہیں، وزیراعظم سندھ کے دوسرے اضلاع کے لیے بھی پیکجز کا سوچ رہے ہیں، سندھ حکومت اور وفاق کے ساتھ فشریز کے لوگ بھی ہمارے ساتھ ہوں گے، یہ منصوبے پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے کے لیے شروع کیے جائیں گے، کسی کو اس منصوبے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں، سندھ میں سیاحت کی کمی یہ منصوبہ پوری کرے گا۔

یہ تاثر غلط ہے کہ سندھ پر کوئی قبضہ کرنے جارہا ہے، علی زیدی

گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ ہم پانی کی صفائی کے پلانٹ بنا رہے ہیں، جزائر کے معاملے پر سندھ حکومت کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، سرکلر ریلوے کراچی کے عوام کے لیے ہے، تمام منصوبے سندھ کے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ سندھ پر کوئی قبضہ کرنے جارہا ہے، جب نیا شہر آباد ہوگا تو نوکریاں تو سندھ کے لوگوں کو ہی ملیں گی۔

علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ ہم روزانہ بڑی مقدار میں گندا پانی اور سالڈ ویسٹ سمندر میں پھینک رہے ہیں، سمندر کے پانی کا رنگ تک تبدیل ہوگیا ہے، گندےپانی کی ٹریٹمنٹ کیلئے پلانٹ لگائیں گے، سیاسی اختلاف ایک طرف ہم پاکستان کی ترقی کے لیے کام کررہے ہیں،سندھ حکومت کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بنڈل آئی لینڈ سے متعلق امور سندھ حکومت سے مل کرطے کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

عمران اسماعیل سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نےکہاکہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے خاطر خواہ مواقع میسر ہوں گے۔

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں جزیروں کا انتظام وفاق کے سپرد کرنے کےخلاف درخواست کی سماعت بھی ہوئی ہے اور عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اکتوبر تک تفصیلی جواب طلب کرلیا ہے۔ 

مزید خبریں :