08 اکتوبر ، 2020
وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بنڈل آئی لینڈ سے متعلق امور سندھ حکومت سے مل کرطے کرنے کی ہدایت کی ہے۔
عمران اسماعیل سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نےکہاکہ بنڈل آئی لینڈ منصوبے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے خاطر خواہ مواقع میسر ہوں گے۔
وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم کراچی کے جزائر پر 2 نئے شہر آباد کرنا چاہتے ہیں، بنڈل آئی لینڈ سندھ کا ہی حصہ رہے گا، ڈیڑھ لاکھ نوکریاں پیدا ہوں گی، بنڈل آئی لینڈ سے ہونےوالی آمدنی سندھ حکومت کو جائے گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں میٹنگ بنڈل آئی لینڈ اور راوی سٹی سے متعلق تھی، وزیراعظم کی خواہش ہے بنڈل آئی لینڈ ، راوی سٹی سے زیادہ بہتری سے ابھرے ، دو نئے شہر آباد کرنا چاہتے ہیں، بنڈل آئی لینڈ کوئی ہاؤسنگ پراجیکٹ نہیں۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ آلودگی کے مسائل کو مدنظر رکھ کر جامع ماسٹر پلان کے تحت شہر آباد کیا جائے گا، بنڈل آئی لینڈ کے پانی کو صاف کیا جائے گا، بنڈل آئی لینڈ کو اٹھا کر اسلام آباد نہیں لے آئیں گے، 40 سے 50 لاکھ سیاح آئیں گے، تمام ریونیو سندھ حکومت کو جائے گا۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں جزیروں کا انتظام وفاق کے سپرد کرنے کےخلاف درخواست کی سماعت بھی ہوئی ہے اور عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اکتوبر تک تفصیلی جواب طلب کرلیا ہے۔