دنیا
Time 14 اکتوبر ، 2020

مسجد الحرام اور روضہ رسولﷺ میں حاضری کیلئے بھی ایپ متعارف

فوٹو: رائٹرز

ریاض: سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کیلئے متعارف کرائی گئی ایپ میں اہم آپشن شامل کردیے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق زائرین کیلئے متعارف کرائی گئی ایپلی کیشن (Eatmarna) میں اب کچھ نئے آپشن شامل کیے گئے ہیں جن کے تحت زائرین اجازت نامے حاصل کرسکتے ہیں۔

وزارت حج کے انڈر سیکرٹری کے مطابق ایپلی کیشن میں مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی، ریاض الجنۃ میں نماز کی ادائیگی اور روضہ رسول اللہ ﷺ کی زیارت کیلئے پرمٹس کے آپشن شامل کیے گئے ہیں۔

زائرین ایپلی کیشن کو استعمال کرتے ہوئے اس میں شامل پرمٹس کے ذریعے ان مقدس مقامات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

ایپلی کیشن کا عکس

وزارت حج کے انڈر سیکرٹری کا کہنا تھا کہ اس ایپلی کیشن کو صرف عمرہ کی پرمٹ کیلئے متعارف کرایا گیا تھا جس میں آہستہ آہستہ نئے پرمٹس شامل کیے جارہے ہیں جب کہ (Eatmarna) ایپلی کیشن اسمارٹ فونز میں اینڈرائیڈ اور ایپ اسٹور پر دستیاب ہے جس کے ذریعے زائرین کورونا وائرس کے دوران عمرہ کا پلان ترتیب دے سکیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق حکام نے مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں زیارت اور نمازوں کی ادائیگی کیلئے جگہ کی دستیابی کے مطابق پلان ترتیب دیا ہے جس کا مقصد زائرین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ سعودی عرب میں کورونا کے مزید 474 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کیسز کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 5 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :