پاکستان
Time 14 اکتوبر ، 2020

پی ڈی ایم جلسہ: انتظامیہ نے جاتی عمرہ جانے والے راستوں پر کنٹینرز کھڑے کر دیے

16 اکتوبر کو گوجرانوالا میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے قبل پنجاب کے مختلف شہروں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پکڑ دھکڑ کے بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ٹرک اور کنٹینرز رائے ونڈ روڈ اور جاتی عمرہ جانے والے راستوں پر کھڑے کر دیے، مختلف شہروں سے ن لیگ کے پوسٹر ، بینرز اور پینا فلیکس اتارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

گوجرانوالا میں پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) کے جلسے میں دو دن باقی ہیں لیکن پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ زیادہ متحرک ہوتی دکھائی دے رہی ہے، کہیں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہوا، تو کہیں مقدمات درج ہوئے، کہیں پر تو پرنٹنگ پریس بھی سیل کر دی گئیں۔

حافظ آبادمیں 6 مقدمات میں مسلم لیگ ن کے سٹی صدر خالد بٹ اورسابق تحصیل ناظم رائےجہانگیر سمیت 95 سےزائدلیگی کارکنوں کےخلاف مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس کے مطابق مقدمات بغیراجازت کارنرمیٹنگ کرنےپردرج کیےگئے۔ پیپلزپارٹی رہنما چوہدری منظوراحمدکی ضلعی سیکرٹریٹ حافظ آباد میں کارنرمیٹنگ پرپولیس نے چھاپا مار کر پینا فلیکس اوربینرزاتارکرقبضہ میں لے لیے اور کرسیاں بھی اٹھوادیں، چھاپے کے خلاف پیپلز پارٹی رہنماؤں نے احتجاج کیا۔

گوجرانولا میں عالم چوک کے قریب واقع مسلم لیگ ن  یوتھ ونگ کے سٹی صدر شعیب بٹ کی فیکٹری پرپولیس نے چھاپا مارا، شعیب بٹ نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے فیکٹری ورکرز پر تشدد کیا اور 15 کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔

گوجرانوالا میں ہی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی لائرز فورم کے وکلاء ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچےاور جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کی اجازت نہ دینے پر احتجاج کیا۔

ضلعی انتظامیہ نے دین پور روڈ شکرگڑھ میں ایک اور نارووال میں پرنٹنگ پریس کی دو دکانیں سیل کردیں جبکہ متعدد دکانیں بھی بند کرادی ہیں۔

منڈی بہاؤ الدین سے سابق ایم پی اے شفقت محمود گوندل کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف 11 جماعتی اتحاد ’پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ‘ تشکیل دیا ہے جس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سمیت دیگر جماعتیں شامل ہیں۔

پی ڈی ایم حکومت مخالف تحریک کا آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانوالا میں جلسہ عام سے کرے گی تاہم اس سے قبل ہی اپوزیشن کے خلاف کارروائیاں شروع کی جاچکی ہیں۔

مزید خبریں :