پاکستان
Time 17 اکتوبر ، 2020

عمران خان کے اشارہ کرنے پر اسپیکر نے میرا مائیک بند کرادیا، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے آج نہ شہری آزاد ہیں نہ عدلیہ اور نہ ہی میڈیا ، ہر مسئلے کا حل جمہوریت ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں باغ جناح کا دورہ کیا اور 18اکتوبر کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

 اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی  اور پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان اور دیگر  بھی ان کے ساتھ موجود  تھے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسائل نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، ہمیں یا آمریت ملی یا 'کنٹرولڈ' جمہوریت ملی ہے، ہم چاہتے ہیں ہر ادارہ اپنا کام کرے۔

بلاول نے کہا کہ جیسے عمران خان کٹھ پتلی ہے ویسے ہی اسپیکر کٹھ پتلی ہیں، اسپیکر نے مجھے بولنے کی اجازت نہ دی، عمران خان کے اشارہ کرنے پر اسپیکر نے میرا مائیک بند کرادیا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ہم اور اس ملک کے عوام عمران خان سے حساب چاہتے ہیں،ہم امپائر کے اشارے کے طرف نہیں دیکھتے عوام کے اشارے کی طرف دیکھتے ہیں، ہم چاہتے ہیں ہر کرپٹ کااحتساب ہو اور ہر کرپٹ کے لیے ایک قانون ہو۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ عوام عدلیہ کو انصاف کی امید کے ساتھ دیکھتے ہيں، عدالت بی آر ٹی اور علیمہ باجی کیس کا فیصلہ دے۔

خیال رہے کہ آج اپنی تقریر میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیب اور عدلیہ اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کیسز کو جلد از جلد منطقی انجام پر پہنچائیں۔

مزید خبریں :