پاکستان
Time 21 اکتوبر ، 2020

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔

کراچی واقعے کے بعد آئی جی سندھ اور دیگر پولیس افسران کی جانب سے چھٹیاں منسوخ کرنے کے فیصلے کے بعد وزیراعلیٰ نے تمام سینئر افسران کو آج طلب کیا تھا جس پر آئی جی سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران سی ایم ہاؤس پہنچے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کےمطابق مراد علی شاہ سے ملاقات میں آئی جی سندھ مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جیز اور ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ  سندھ پولیس کی صوبے میں امن امان کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے خاص طورپرکراچی میں امن بحال کیا اور دہشت گردی کے بڑے واقعات میں اہم گرفتاریاں کیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں پولیس کی خدمات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا معترف ہوں، سندھ حکومت اپنی پولیس کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں ساتھ ہے اور  کسی صورت پولیس کےحوصلے پست نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس افسران کو کام جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ  پولیس اپنے بھرپور جذبے کے ساتھ پیشہ ورانہ، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طریقے سے کام جاری رکھے، حکومت نے پولیس کو ہمیشہ آزادانہ کام کرنے کی ہدایت کی ہے، سندھ حکومت پولیس کے باقی معاملات کو خود دیکھے گی، پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کا ہر مرحلے پر پولیس کی رہنمائی کرنے اور ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہےکہ کراچی میں 19 اکتوبر کو پیش آنے والے واقعے پر سندھ پولیس کے آئی جی سمیت اعلیٰ پولیس افسران نے احتجاجاً چھٹیوں کی درخواستیں دی تھیں تاہم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے اور صوبائی حکومت کی جانب سے تحقیقات کی یقین دہانی کے بعد افسران نے چھٹیاں مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔

مزید خبریں :