Time 22 اکتوبر ، 2020
پاکستان

چیئرمین نیب نے نواز شریف کیخلاف ایک اور ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف بدعنونی کا ایک اور ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چئیرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاﺅنٹبلٹی نیب، ڈی جی آپریشن نیب اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں مختلف شخصیات اور اداروں کے خلاف بدعنوانی کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سابق نواز شریف کے خلاف بدعنوانی کا ایک اور ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں سابق پرنسپل سیکریٹری وزیراعظم فواد حسن فواد کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

نیب اعرلامیے کے مطابق اجلاس میں احسن اقبال کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی اور کہا گیا کہ احسن اقبال پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور اسپورٹس سٹی کا اسکوپ 3 کروڑ سے 3 ارب روپے تک بڑھانے کا الزام ہے۔

نیب نے سابق ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

مزید خبریں :