پاکستان
Time 26 اکتوبر ، 2020

گستاخانہ خاکوں کیخلاف سینیٹ میں مذمتی قراداد منظور

پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مذمتی قراداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

سینیٹ میں قرارداد قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پیش کی جس میں فرانس میں حکومتی سرپرستی میں خاکوں کی دوبارہ اشاعت اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان کی شدید مذمت کی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات جب حکومتی سرپرستی میں ہوں تو مختلف مذاہب میں تقسیم پیدا ہوتی ہے۔

قرارداد  کے متن میں کہا گیا ہے کہ حضرت محمد ﷺ کیلئے ہماری محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، کوئی مسلمان حضرت محمد ﷺکی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔

قرارداد کے مطابق ایسے اقدمات مسلمانوں کے جذبات مجروح کرتے ہیں، عالمی برادری ایسے اقدمات روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

ایوان بالا میں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جبکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قرارداد کی کاپی دفترخارجہ اور فرانسیسی سفیر کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ فرانس کے صدر میکرون نے اپنے حالیہ بیان میں دہشت گردی کو اسلام سے جوڑا اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو آزادی اظہار رائے سے منسوب کیا تھا۔

فرانسیسی صدر کے بیان پر دنیا کے مختلف ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی شروع ہو گئی ہے جب کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایمانویل میکرون کو اپنے دماغ کا علاج کرانے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

مزید خبریں :