27 اکتوبر ، 2020
لائیو رپورٹنگ کے دوران اکثر ایسے انوکھے وقعات رونما ہو جاتے ہیں جنہیں کیمرا کی آنکھ محفوظ کرلیتی ہے۔
حال ہی میں ارجنٹینا کے ایک ٹی وی رپورٹر کے ساتھ لائیو کوریج سے چند سیکنڈز پہلے ایک انوکھا واقعہ پیش آیا اور ایک چور ان کا موبائل لے کر فرار ہوگیا اور یہ منظر کیمرے نے محفوظ کر لیا۔
کیمرے میں محفوظ ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹی وی رپورٹر لائیو جانے کے لیے تیار کھڑے تھے کہ اچانک ایک چور ان کے ہاتھوں سے موبائل فون چھین کر تیزی سے بھاگنے لگتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی چور رپورٹر کے ہاتھ سے ان کا موبائل چھین کر بھاگنے لگتا ہے تو وہ بھی اپنا فون لینے کے لیے اس کے پیچھے بھاگتے ہیں۔
لیکن خوش قسمتی سے وہاں پر موجود چند لوگوں میں سے ایک (جنہوں یہ پورا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا) نے فوراً موبائل چرانے والے کو پہچان لیا اور وہ جانتا تھا کہ موبائل چرانے والا نوجوان کہاں رہتا ہے اور وہ اس کے پاس جا کر رپورٹر کا فون واپس لینے میں کامیاب ہوگیا۔
بعدازاں وہاں موجود لوگوں نے رپورٹر سے معافی مانگی کیونکہ جس نوجوان نے رپورٹر کا فون چرایا تھا وہ وہیں کا رہائشی تھا۔
اس تمام تر واقعے کے بعد ٹی وی رپورٹر کا کہنا تھا کہ وہ اس واقعے کی شکایت پولیس کو نہیں کریں گے، انہیں بس اپنا فون واپس چاہیے تھا جو کہ انہیں مل گیا۔