Geo News
Geo News

Time 27 اکتوبر ، 2020
پاکستان

اورنج لائن منصوبہ سی پیک کا اہم حصہ ہے: چین

چین نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کو پاک چین شراکت داری کا اہم مظہر قرار دیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  اورنج لائن ٹرین منصوبہ سی پیک کا اہم حصہ ہے، سی پیک منصوبوں پرپاکستان کے ساتھ کام جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔

اورنج ٹرین کا ٹریک 27.1 کلومیٹر طویل اور 26 اسٹیشنز پر مشتمل ہے، ٹرین کے تمام راستوں پر اور ٹرین کے اندر کیمرے نصب ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا یکطرفہ کرایہ 40 روپے رکھا گیا ہے جب کہ شہری صبح ساڑھے 7 سے رات ساڑھے 8 بجے تک ٹرین میں سفر کر سکیں گے۔