پاکستان
Time 28 اکتوبر ، 2020

وفاقی حکومت کا ملک بھر میں ہفتہ عشقِ رسولﷺ منانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کی تجویز دی تھی جس کے بعد ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺ 12 سے 19 ربیع الاول تک منائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

 وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق صوبے بھی 12 سے 19  ربیع الاول تک ہفتہ عشق رسولﷺ منائیں گے۔ 

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے فرانسیسی صدر کی طرف سے مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور پھر اس کے حق میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان کے بعد دنیا بھر میں فرانس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلم ممالک میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔

پاکستان نے بھی فرانس کے اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور پارلیمنٹ سے مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے جب کہ پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔

مزید خبریں :