دنیا
Time 29 اکتوبر ، 2020

ترکی نے فرانس میں ہونے والے چاقو حملے کی مذمت کردی

ہم فرانس کے شہر نیس میں نوٹرے ڈیم چرچ میں ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ترک وزارت خارجہ — فوٹو: فائل

انقرہ : گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر فرانس سے کشیدگی کے باوجود ترکی نے آج پیرس میں ہونے والے چاکو حملے کی مذمت کی ہے۔

ترکی نے فرانس میں چرچ کے قریب چاقو حملے میں تین افراد کے ہلاک ہونے پر شدید مذمت کرتے ہوئے فرانس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ترکی کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں نیس حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم فرانس کے شہر نیس میں نوٹرے ڈیم چرچ میں ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ آج نیس میں چرچ کے قریب ایک شخص نے چاقو کے وار کرکے 3 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا تھا۔

پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے اور ملک بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر ترکی کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں اور فرانس نے ترکی کو داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہنے کا کہا ہے۔

گزشتہ روز گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے فرانسیسی جریدے شارلی ہیبڈو نے ترک صدر طیب اردوان کا بھی خاکہ سرورق پر شائع کیا تھا جس کے بعد ترکی نے اس معاملے پر قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

مزید خبریں :