دنیا
Time 29 اکتوبر ، 2020

فرانس میں مسلح شخص پولیس فائرنگ سے ہلاک، ایک افغان شہری گرفتار

حکام کے مطابق مشتبہ افغان شخص پہلے ہی فرانسیسی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نظر میں تھا— فوٹو: فائل

پیرس: فرانسیسی پولیس نے چاقو سے لیس ایک افغان شہری کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس کے شہر لیون میں پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے جس کے پاس ایک بڑا چاقو موجود تھا اور وہ ٹرام میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا۔

فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کی عمر 20 کے قریب ہے اور وہ افغان شہری ہے جبکہ اس نے افغان طرز کا لباس بھی پہنا ہوا ہے۔

حکام کے مطابق مشتبہ شخص پہلے ہی فرانسیسی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی نظر میں تھا۔

علاوہ ازیں نیس میں چرچ پر حملے کے چند گھنٹوں بعد پولیس نے فرانسیسی شہر آوینیو میں ایک مسلح شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا جس کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے پاس بندوق موجود تھی اور وہ لوگوں کو دھمکا رہا تھا۔

خیال رہے کہ آج فرانس کے شہر نیس میں چرچ کے قریب چاقو سے کیے جانے والے حملے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

نیس کے میئر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا کہ چرچ کے باہر چاقو سے حملہ کیا گیا جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔

مزید خبریں :