29 اکتوبر ، 2020
محکمہ جنگلات و جنگلی حیات گلگت بلتستان کی جانب سے ٹرافی ہنٹنگ 21-2020کے لیے مارخور ، آئی بیکس (پہاڑی بکرا) اور بلیو شیپ (نیلی بھیڑ)کے شکارکے اجازت نامےکے حصول کےلیے بولی لگائی گئی۔
گلگت میں منعقدہ نیلامی کی ایک خصوصی تقریب میں ملکی و غیر ملکی شکاریوں کے لیے رجسٹرڈ کمپنیوں نے حصہ لیا اور مختلف اقسام کے جنگلی جانوروں کے پرمٹس (اجازت ناموں) کے حصول کے لیے بولی لگائی۔
شکار کے لیے جاری پرمٹس میں بالترتیب مارخور، آئی بیکس اور بلیو شیپ شامل ہیں۔
استور مارخور کے شکار کے لیے کل 4 عدد پرمٹس رکھےگئے تھے جن میں سب سے بڑی 62 ہزار امریکی ڈالرز (99 لاکھ 63 ہزار 400 روپے) کی بولی کا پرمٹ سفاری نامی کمپنی نے حاصل کیا جب کہ تین پرمٹس فی شکار ساڑھے 61 ہزار امریکی ڈالرز کے حساب سے ہمالین نیچر ٹورز نامی کمپنی کو فروخت کیےگئے۔
بلیو شیپ کے لیے کل 18 لائسنس رکھے گئے تھے جن میں سے 8 ملکی اور 12غیر ملکی شکاریوں کے لیے رکھے گئے تھے۔
ہمالین نیچر ٹور نامی کمپنی نے مزکورہ جانور کے لیے فی پرمٹ 6 ہزار 700 امریکی ڈالرز میں حاصل کیا جب کہ مقامی شکاریوں کے لیے 47 ہزار 500 روپے میں ایک پرمٹ فروخت ہوا۔
آئی بیکس کے لیے کل 150 پرمٹس رکھے گئے تھے، زوم ہنٹنگ نامی کمپنی نے قراقرم ولیج آرگنائزیشن میں شکار کے لیے 3600 امریکی ڈالرز میں پرمٹ حاصل کیا جب کہ ملکی شکاریوں کے لیے 10لاکھ15ہزار روپے اور مقامی طور پر ایک لاکھ 91 ہزار روپے میں فروخت ہو کر نیلامی کی سالانہ تقریب اختتام پزیر ہوئی۔