دنیا
Time 08 نومبر ، 2020

اب نسل پرستی کے خاتمے کی جنگ کا وقت ہے: نو منتخب امریکی صدر

نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یہ نسل پرستی کاخاتمہ کرنے کی جنگ کا وقت ہے۔

ڈیلاویئر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکی عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے، عوام نے امریکی تاریخ کے سب سے زیادہ 7 کروڑ 40 لاکھ ووٹ دیے جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو تقسیم نہیں متحد کریں گے اور امریکا کو ایک بار پھر دنیا بھر میں قابل احترام بنائیں گے۔

جوبائیڈن نے صدر منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ مخالفین کو دشمن کی طرح نہ دیکھیں، وہ بھی امریکی ہیں، انہیں امریکیوں کی طرح ہی دیکھیں۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ جنوب ایشیائی تارک وطن کی بیٹی ملک کی پہلی نائب صدر بنی ہیں، اب نسل پرستی کا خاتمہ کرنے کی جنگ کا وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہیں مضبوط بنائیں گے۔

عالمی وبا کورونا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نو منتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کورونا ٹاسک فورس کے لیے نامور سائنسدانوں کا اعلان پیر کو کریں گے۔

خواتین کاشکریہ جنہوں نے موجودہ نسل کے لیے راہ ہموار کی: کمالا ہیرس

امریکا کی نومنتخب نائب صدر کمالا ہیرس نے کہا کہ الیکشن میں ڈالے گئے ہر ووٹ کو گنا گیا، امریکی عوام نے امید، اتحاد اور شائستگی کا انتخاب کیا۔

کمالا ہیرس کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے تحفظ کی کوششیں قربانیاں مانگتی ہیں، خواتین کاشکریہ جنہوں نے موجودہ نسل کے لیے راہ ہموار کی۔

خیال رہے کہ اس وقت 4 ریاستوں میں گنتی جاری ہے جہاں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد بائیڈن کی فتح کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، اگر ان ریاستوں میں ٹرمپ جیت بھی جائیں تو بائیڈن کی برتری پر کوئی فرق نہیں پڑےگا۔

جوبائیڈن الیکٹرز کی جانب سے باضابطہ انتخاب کے بعد 20 جنوری 2021کو عہدہ صدارت پر براجمان ہوجائیں گے ،جو بائیڈن امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے صدر ہوں گے ۔

مزید خبریں :