کھیل
Time 10 نومبر ، 2020

اظہر علی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار، نئے کپتان کا اعلان ہوگیا

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی قیادت سے دستبردار ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق چیئرمین بورڈ احسان مانی نے منگل کی شام اظہر علی سے ملاقات کی اور انہوں نے بطور کپتان خدمات پر اظہر علی کا شکریہ ادا کیا۔

اس ملاقات کے دوران بابراعظم کو اظہر علی کی جگہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جس کے بعد اب وہ تینوں فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ 

پی سی بی کے مطابق بطور ٹیسٹ کپتان بابراعظم کی پہلا اسائنمنٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں ٹیم کی قیادت کرنا ہوگا۔

اس فیصلے کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے نے بابراعظم سے رابطہ کیا اور انہیں اِس تقرری پر مبارکباد دی۔

اظہر علی کے تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اٹھاسکتا ہے: احسان مانی

اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ اظہر علی کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اور وہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں، ان میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اوریقین ہے کہ ان کے تجربے سے ابھی پاکستان بہت فائدہ اٹھاسکتا ہے۔

بابر اعظم کے حوالے سے احسان مانی نے کہا کہ کم عمر ی میں ہی بابراعظم میں موجود مستقبل کے کپتان کی نشاندہی کر لی گئی تھی، تسلسل کے ساتھ بابر نے  پرفارمنس اور قیادت کی صلاحیتوں کے بنیاد پر ثابت کیا کہ وہ کپتان کے اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اضافی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار ہوں اور اس سے اعتماد میں اضافہ بھی ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے قومی ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان بنانے کی تجویز دی تھی۔

جس کے بعد سے ہی گزشتہ کئی روز سے اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کی خبریں گرم تھیں۔

مزید خبریں :