10 نومبر ، 2020
قومی ائیرلائن پی آئی اے کے آڈٹ کے دوران اربوں روپے کے غبن اور کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ انکشاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل کی دو انکوائریز کے دوران ہوا ہے جس کے بعد دو مقدمات جلد درج کرلیے جائیں گے جبکہ اہم گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
پی آئی اے میں مالی کرپشن اور غبن کی داستانوں پر ایف آئی اے نے پی آئی اے کے خلاف دو انکوائریز مکمل کرلی ہیں۔
انکوائریز کے دوران اربوں روپے کے غبن کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق انکوائریز پی آئی اے کے مالی آڈٹ رپورٹ کے بعد مکمل کی گئیں، پی آئی اے کے خلاف انکوائریز کارپوریٹ کرائم سرکل نے کی ہیں۔
دونوں انکوائریز کے بعد جلد مقدمات درج کیے جائیں گے، مقدمات قومی خزانے کو نقصان پہنچائے جانے پر درج ہوں گے، مقدمات پی آئی اے کی اس وقت کی انتظامیہ کےخلاف درج ہوں گے جس کے بعد پی آئی اے کے مزید سینیئر افسران کی گرفتاریاں متوقع ہیں۔
اس سے قبل ایک مقدمے میں سابق چیئرمین اور افسران پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں، ایف آئی اے حکام نے دونوں انکوائریز کی تصدیق جیونیوز کو کردی ہے۔