11 نومبر ، 2020
بجلی صارفین پر مزید 82 ارب 69 کروڑ روپےکا بوجھ منتقل کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، تقسیم کارکمپنیوں نے نیپرا کو 82 ارب 69 کروڑ روپےکا بوجھ صارفین پر ڈالنےکی درخواست دے دی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے درخواست گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کے ایڈجسٹمنٹ کے لیے دی گئی ہے۔
نیپرا کے مطابق تقسیم کار کمپنیوں نے اپریل سے جون 2020 تک کی ایڈجسٹمنٹ مانگی ہے ، کمپنیوں نے کیپیسٹی پرچیز پرائس کی مد میں 81ارب 10کروڑ روپے مانگے ہیں جبکہ آپریشنز اینڈ مینٹیننس کی مد میں 56کروڑ70لاکھ روپے مانگے گئے ہیں ۔
نیپرا کے مابق یوز آف سسٹم چارجز کی مد میں 2ارب 27کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر 24 نومبر کو سماعت کی جائے گی۔