پاکستان
Time 12 نومبر ، 2020

کورونا: پاکستان میں 108 روز بعد ایک دن میں ریکارڈ 34 ہلاکتیں

پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز کی تعداد اور اموات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں 108 روز بعد ایک روز میں ریکارڈ 34 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ 23 جولائی کے بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 1808 کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 36686 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 1808 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 34 افراد انتقال کرگئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں 26 جولائی کے بعد کورونا سے یہ سب سے زیادہ ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں اور 26 جولائی کو کورونا کی پہلی لہر کے دوران 35 ہلاکیں سامنے آئی تھیں۔

اسکرین شاٹ سرکاری پورٹل

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں 23 جولائی کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، 23 جولائی کو پاکستان میں کورونا کے 1763 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7055 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 49992 تک جا پہنچے ہیں۔

اسکرین گریب سرکاری پورٹل

اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 784 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

صوبوں کی صورتحال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 152072 ہوگئی ہے جب کہ 2704 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 108221 ہے اور 2438 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 16226 اور ہلاکتیں 154 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 41258 اور 1302 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 5041 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 116 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4409 اور 93 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 22765 ہے اور اب تک 248 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

مزید خبریں :