دنیا
Time 20 نومبر ، 2020

جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی جوبائیڈن کامیاب، الیکٹورل ووٹس 306 ہو گئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبے پر جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن نے ری پبلکن حریف کو شکست دیدی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے مطالبے پر جارجیا کے ووٹوں کی ہاتھوں سے دوبارہ گنتی کی گئی جس میں جوبائیڈن ہی کامیاب قرار پائے۔

جارجیا میں کامیابی کے بعد جو بائیڈن کو 16 الیکٹورل ووٹس حاصل ہو گئے ہیں اور ان کے الیکٹورل ووٹس کی تعداد 306 ہو گئی ہے جب کہ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹس کی تعداد 232 ہے۔

جارجیا کے ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ ہر ووٹ کی گنتی کی گئی اور نتیجہ تیار کیا گیا، اس بات کا کریڈٹ ہمارے ورکرز کو جاتا ہے جنہوں نے ایک مشکل ٹاسک کو انتہائی کم وقت میں بہترین طریقے سے انجام دیا۔

ریاستی حکام کے مطابق ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں جو بائیڈن کی فتح کا تناسب 14000 ووٹوں سے کم ہو کر 12800 ہو گیا ہے۔

دوسری جانب جو بائیڈن کی انتخابی مہم کے ترجمان جیکلین روتھنبرگ کا کہنا ہے کہ جارجیا کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی نے اس بات پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے جو بائیڈن ہی امریکا کے اگلے صدر ہوں گے۔

خیال رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جو بائیڈن کو ٹرمپ پر ناقابل شکست سبقت حاصل ہے لیکن ٹرمپ نے ہار تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کر دیا ہے۔

جو بائیڈن سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے بعد پہلے ڈیموکریٹک امیدوار ہیں جو جارجیا سے کامیاب ہوئے ہیں، آخری مرتبہ بل کلنٹن 1996 میں جارجیا سے کامیاب ہوئے تھے۔

مزید خبریں :