دنیا
Time 20 نومبر ، 2020

پوپ فرانسس کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے نیم عریاں تصویر لائک کرنے کی تحقیقات

27 سالہ برازیلین ماڈل نتالیہ گاریبوٹو نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی تھی جسے پوپ فرانسس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی لائک کیا گیا— فوٹو: فائل

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کے انسٹا گرام اکاؤنٹ سے برازیلین ماڈل کی نیم عریاں تصویر لائک کرنے کی تحقیقات شروع کردی گئیں۔

یہ تحقیقات ویٹی کن حکام کی جانب سے کی جارہی ہیں جس میں یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ پوپ فرانسس کے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ سے کس طرح یہ عریاں تصویر لائک کی گئی۔

27 سالہ برازیلین ماڈل نتالیہ گاریبوٹو نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی تھی جسے پوپ فرانسس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بھی لائک کیا گیا۔

بعد ازاں اس لائک کو ویٹی کن کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے ہٹادیا گیا تھا جو کہ پوپ فرانسس کے اکاؤنٹس کو ہینڈل کرتی ہے تاہم اس سے قبل ہی ایک صارف اس لائیک کا اسکرین شاٹ لے کر سوشل میڈیا پر ڈال چکا تھا۔

اب ویٹی کن حکام نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں جس میں انسٹاگرام سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ ویٹی کن کی سوشل میڈیا ٹیم کے کسی رکن نے پوپ فرانسس کے اکاؤنٹ سے لاگ ان ہوتے ہوئے غیر دانستہ طور پر اس تصویر کو لائک کردیا ہے۔

پوپ فرانسس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 74 لاکھ فالوورز ہیں تاہم وہ کسی کو فالو نہیں کرتے اور نہ ہی کسی چیز کو لائک کرتے ہیں۔

مزید خبریں :