کراچی کے 5 اضلاع میں آج رات 12 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری

کراچی کے 5 مختلف اضلاع میں کوروناکے بڑھتےکیسزکے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔

خیال رہے کہ کراچی میں کورونا کی دوسری لہر میں تیزی کے بعد گزشتہ روز کمشنر کراچی نے فیصلہ کیا تھا کہ ایسے تمام علاقے جہاں کورونا کے مریض ہوں گے وہاں صورتحال دیکھ کر کہیں اسمارٹ لاک ڈاؤن تو کہیں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ 

اس فیصلے کے تحت ضلع جنوبی، غربی، شرقی، وسطی اور کورنگی کے ڈپٹی کمشنرز نے  مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 5 دسمبر تک ہوگا۔

ضلع غربی میں سرجانی اور گلشن معمار کے دو علاقے، ضلع کورنگی میں 3، ضلع جنوبی میں 4، ضلع وسطی میں 26 اور ضلع شرقی میں 14 علاقوں کی نشاندہی ہوئی جہاں کورونا کی دوسری لہر کے دوران مثبت کیسز کی تعداد 1136 ہے اور ان میں ہفتہ 21 نومبر سے آئندہ دو ہفتوں تک اسمارٹ لاک ڈاؤن اور کہیں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے تحت  ان ‎علاقوں میں آنے اور جانے والے افراد پر ماسک پہننا لازمی ہو گا ،‎لوگوں کی نقل و حرکت کو سختی سے محدود رکھا جائے گا۔

لاک ڈاؤن والے علاقوں میں ‎پرچون کی دکانیں، میڈیکل اسٹورز اور دیگر ضروری اشیا کی دکانیں مخصوص اوقات میں کھولنے کی اجازت ہو گی جب کہ کسی قسم کے کھانے کی ہوم ڈیلیوری کی اجازت نہیں ہو گی۔

ان علاقوں میں صنعتی اور تجارتی مراکز بند رہیں گے اورگھر کے ایک فرد کوکھانے پینے کی اشیا کی خریداری کی مشروط اجازت ہوگی اور اسے پولیس کو شناختی کارڈ دکھانا ہو گا جب کہ گھروں میں بھی کسی بھی قسم کی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی اور ‎علاقہ مکینوں سے ملاقات کے لیے آنے والوں کو ٹھوس وجہ بتانا ہو گی۔

آزاد کشمیر میں آج رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کا اعلان

 دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث آج رات 12 بجے سے15 دن کےلیے لاک ڈاؤن ہوگا۔

انتظامیہ کے مطابق آزاد کشمیر میں جلسے ،جلوسوں اور احتجاج سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے کل سے 15 دن کے لیےشاپنگ سینٹرز بند رہیں گے تاہم کھانے پینے کی اشیاء سمیت،دودھ گوشت اور میڈیکل اسٹور کھلیں گے جب کہ  تمام تعلیمی ادارے بھی 15 دن بند رہیں گے۔

انتظامیہ کاکہنا ہےکہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران آزاد کشمیر میں اموات اورکیسزکی شرح کافی زیادہ ہے۔

مزید خبریں :