22 نومبر ، 2020
وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کاکہنا ہےکہ پشاور کے عوام نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کا بائیکاٹ کرکےثابت کیا کہ وہ سیاسی بصیرت رکھنے والے لوگ ہیں۔
اپنے ایک بیان میں شبلی فراز کاکہنا تھاکہ اپوزیشن نےقانون کے احترام اور عوام کی صحت کی بجائےہمیشہ اپنی ذات کو ترجیح دی،جلسےکے شرکاء سےکہتا ہوں کہ خود کو قرنطینہ میں لے جائیں۔
شبلی فراز کاکہنا تھاکہ جلسے میں لوگوں کی کم شرکت عوام کا اپوزیشن پرعدم اعتماد کا اظہار ہے،خیبر پختونخوا کے عوام نے پی ڈی ایم کے عوام دشمن ایجنڈے کو بھی ناکام بنا دیا۔
شبلی فراز کا کہنا تھاکہ عدالتی حکم کے باوجود جلسوں پر اصرار ڈھٹائی اور عوام دشمنی کی عکاس ہے، خیبرپختونخوا کے عوام نے عمران خان کی اپیل پر خود کو کورونا سے محفوظ رکھا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل نے اپنے ردعمل میں کہا ہےکہ جب عمران خان اسمارٹ لاک ڈاؤن کا کہہ رہے تھے تو یہ سب سخت ترین لاک ڈاؤن کے حامی تھے ، عوام ان جعل سازوں کو پہچان لیں جو بغضِ عمران میں ہر حد پھلانگنے کے درپے ہیں۔
شہباز گِل کاکہنا ہے کہ پی ڈی ایم رہنما ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر متفق ہیں اور غریب کارکنان کومفادات کی خاطرموت کےمنہ میں دھکیل رہے ہیں۔