25 نومبر ، 2020
سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی والدہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ بروز ہفتہ 28 نومبرکو لاہور میں اداکی جائے گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق مرحومہ بیگم شمیم اخترکی میت جمعے کو لندن سے پاکستان کےلیے روانہ کی جائے گی اور ان کی نماز جنازہ ہفتےکو شریف میڈیکل سٹی رائیونڈ میں ظہرکی نماز کے بعد اداکی جائےگی۔
مریم اورنگزیب کے مطابق بیگم شمیم اختر کے ایصال ثواب کے لیے رسم قل بروز اتوار مورخہ 29 نومبر کو ہوگی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے۔
ترجمان ن لیگ کاکہنا ہےکہ نواز شریف اور شہباز شریف نے عوام اور کارکنان سے اپیل ہےکہ اپنے اپنے علاقوں میں رسم قل کے دن ان کی والدہ ماجدہ اور سب مسلمان مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی فرمائیں۔
خیال رہےکہ 22 نومبرکو بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئی تھیں، ذرائع کے مطابق نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ناساز تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت زیادہ خراب تھی، ان کے سینے میں شدید انفیکشن تھااور انہیں الزائمر کی بیماری بھی لاحق تھی۔