پاکستان
Time 26 نومبر ، 2020

امارات نے پاکستان کیلئے ویزا پالیسی میں تبدیلیوں سے مطلع نہیں کیا، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، اس حوالے سے  پاکستان کی پالیسی واضح ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھاکہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہے، جب تک اسرائیل فلسطینیوں کو ان کے حقوق نہیں دیتا ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

کشمیرکےحوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی مہم چلا رہا ہے، مظالم سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا، توقع ہے کل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اجلاس میں کشمیر پر سخت مؤقف اپنائے گی۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستان دشمن بھارتی سرگرمیوں پر مشتمل ڈوزئیرکو یورپی یونین، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے مستقل اراکین کے علاوہ او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ شیئرکیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ افغانستان اہمیت کا حامل تھا، افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام خطے کے مفاد میں ہے۔

امریکا کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ سے باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے اور خطے کی خوشحالی کے لیے مل کرکام کرنے کےلیے تیار ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لیے ویزا پالیسی میں تبدیلیوں سے  مطلع نہیں کیا،متحدہ عرب امارات میں انفرادی واقعات کوکسی ملک کے شہریوں سے جوڑنا مناسب نہیں ہے۔

مزید خبریں :