پاکستان
Time 27 نومبر ، 2020

پاکستان اسٹیل کے ساڑھے 4 ہزار ملازمین کو برطرف کردیا گیا

وفاقی حکومت نے فولاد سازی کے سب سے بڑے قومی ادارے پاکستان اسٹیل ملز  کے 4 ہزار 544 ملازمین کو برطرف کردیا۔

ترجمان اسٹیل ملز کے مطابق جن ملازمین کو برطرف کیا گیا ہے ان میں پے گروپ 2، 3، 4 کے ملازمین کے علاوہ جونیئر آفیسرز (جے اوز) اسسٹنٹ منیجرز ، ڈویژنل منیجر، ڈی سی ای، ڈی جی ایم اور منیجرز بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملازمین کو بذریعہ ڈاک برطرفی کے خطوط ارسال کردیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اسٹیل مل کے اسکول و کالج کے اسٹاف کو برطرف نہیں کیا گیا جبکہ ڈپارٹمنٹس کے کارپوریٹ سیکرٹریز کو برطرف نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں سال 9 جون کو وفاقی کابینہ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر فارغ کرنے کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)  کی تجویز کی منظوری دی تھی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3 جون 2020 کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل کے 9 ہزار سے زائد ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر فارغ کرنے کی سفارش کی تھی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک پیکج کے تحت اوسطاً 23 لاکھ فی ملازم ملیں گے، جس کی زیادہ حد 70 سے 80 لاکھ بھی ہے۔

مزید خبریں :