Geo News
Geo News

Time 02 دسمبر ، 2020
پاکستان

کاون کو تنہائی سے نکالنے والی امریکی گلوکارہ کو اچانک اسلام آباد سے کیوں جانا پڑا؟

اسلام آباد کے چڑیا گھر میں 35 سال تک بچوں کا دل بہلانے والا کاون تو کمبوڈیا پہنچ گیا لیکن اس کی منتقلی میں کردار ادا کرنے والی دوست امریکی گلوکارہ شیر کو کچھ ناخوشگوار صورتحال کی وجہ سے اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر اسلام آباد سے جانا پڑا۔

36 سالہ کاون 2012 میں اپنی پرانی دوست کے مرنے کے بعد سے تنہائی اور ڈپریشن کا شکار تھا، کاون کی تنہائی اور ڈپریشن کی نشاندہی پہلی بار چڑیا گھر میں آنے والی ایک طالبہ نے کی تھی جس نے کاون کو پنجرے میں بری طرح سر ہلاتے ہوئے دیکھا تھا۔ 

مگر کاون کی تنہائی کے خاتمے میں اہم کردار امریکی گلوکارہ شیر نے ادا کیا جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر اس کے لیے مہم چلائی تھی۔

74 سالہ امریکی گلوکارہ شیر، کاون کی روانگی کے موقع پر خود بھی پاکستان پہنچی تھیں اور انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

اسلام آباد میں قیام کے دوران شیر کو وزارت موسمیات تبدیلی نے جانوروں کے تحفظ کا خیرسگالی سفیر بننے کی بھی پیشکش کی گئی تھی مگر خود کو سیاسی معاملات سے علیحدہ رکھنے والی شیر نے معذرت کر لی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی گلوکارہ خیرسگالی سفیر بننے کی پیشکش مسترد کرنے کے ساتھ اپنا دورہ بھی ادھورا چھوڑ کر واپس چلی گئی تھیں جس کا سبب وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے ان سے پوچھے بغیر مشترکہ نیوز کانفرنس کرنے کا اعلان تھا۔ 

ذرائع نے بتایا کہ امریکی گلوکارہ سمجھتی ہیں کہ حکومت ان کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کرکے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنا چاہتی تھی۔