03 دسمبر ، 2020
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کورونا کے حوالے سے آگاہی مہم میں میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا نے اربوں روپے کی آگاہی مہم مفت چلائی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ایک آن لائن نیوز پورٹل 'گلوبل ویلیج اسپیس' کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے ڈوزیئر کے اہم نکات اجاگر کیے، اس کے علاوہ انہوں نے ایل او سی صورتحال، سی پیک، ففتھ جنریشن وار فیئر پر بھی میجر جنرل بابر افتخار کی تفصیلی گفتگو کی۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونےکا ڈوزیئر میں ثبوت سامنے لایا، پاکستان بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت بھی سامنے لایا، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے بہت سنجیدہ لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈوزیئر سامنے آنے پر دنیا اب بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی پر بات کر رہی ہے، تمام تر بھارتی کوششوں کے باوجود عالمی فورمز اور ذرائع ابلاغ پر بحث چل نکلی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ دفتر خارجہ نے ڈوزیئر کو پی 5 (سلامتی کونسل کے 5 مستقل اراکین) کو پیش کیا، پھر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کو پیش کیا گیا، ہم یہاں رکیں گے نہیں، عالمی سطح پر اس سنگین معاملے کو مزید آگے لے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی دہشتگردی کے ناقابل تردید ثبوت پیش کر کے دنیا کے سامنے بھارت کا مکرہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
افغان امن عمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم افغان قیادت سے اس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں، ایک باقاعدہ میکنزم موجود ہے، مگر صاف بتاؤں ہم افغان حکومت کے کیپیسٹی ایشوز کو تسلیم کرتے ہیں، اس لیے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہونے پر افغان حکومت کو زیادہ الزام نہیں دیتے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت افغان سرزمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے، بھارت کے پاس دہشت گرد ہیں، بھارت سی پیک پر کام کرنے والی چینی افرادی قوت اور مقامی لیبر کو نشانہ بناتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان خطرات کے خلاف ہم نے مکمل تیاری کر رکھی ہے، اور ہم چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے خاص طور پر دو ڈویژن فورس تشکیل دی ہے، اس کے علاوہ آٹھ نو ریگولر رجمنٹس بھی راہداری کی حفاظت پر مامور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے چینی شراکت دار سی پیک منصوبے کے سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں، سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے، ان شاءاللہ سی پیک ہر روز پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔
پاکستان میں کورونا کی صورت حال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے اربوں روپے کی آگاہی مہم مفت چلائی۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر کے این سی او سی کا انفارمیشن آرم کی حیثیت سے ہم نے دیکھا، اور کورونا سے نمٹنے میں پہلے دن سے پاک فوج ہر حکومتی کوشش کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں فوجی اور سویلین مربوط نمائندگی ہے، یہ تجربہ بہت اچھا رہا، اسمارٹ لاک ڈاؤن یقینی بنانے کے لیے فوجی دستے تعینات کیے گئے جب کہ وبا سے نمٹنے کی حکمت عملی اور فیصلوں میں فوج کے آئی ٹی سسٹمز کا فائدہ اٹھایا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر میں جو خامیاں سامنے آئیں، انہیں ہنگامی بنیادوں میں دور کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے، اسی وجہ سے دوسری لہر میں ہماری تیاری پہلی لہرکے مقابلے میں خاصی بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کورونا کی دوسری لہر کا بہتر طور پر مقابلہ کر رہے ہیں، اور اس حوالے سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر میں ہم سب کو زیادہ احتیاط اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔