Time 04 دسمبر ، 2020
کھیل

پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے کے حوالے سے کھلاڑیوں سے فیڈ بیک مانگ لیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ جاری رکھنے سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان اور کوچ سمیت مینجمنٹ سے فیڈ بیک مانگ لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں سے فیڈ بیک لے کر بورڈ کو بتائیں گے اور پھر چیئرمین پی سی بی احسان مانی فیڈ بیک کی روشنی میں دوسرے عہدیداروں سے مشاورت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ اور کپتان کھلاڑیوں سے بات کر کے ان کی ذہنی کیفیت کے مطابق فیڈ بیک دیں گے، اور پھر فیڈ بیک اور مشاورت کی روشنی میں دورہ نیوزی لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں نے آرام دہ محسوس کیا تو دورہ آگے بڑھنے کے امکانات ہوں گے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا قومی ٹیم کے کپتان اور کوچ سے رابطہ

دوسری جانب چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے نیوزی لینڈ میں ہیڈکوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم سے رابطہ کیا اور دونوں سے نیوزی لینڈ حکومت کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر بات کی۔

وسیم خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میری آج کی صورتحال پر نیوزی لینڈ میں بات چیت ہوئی، مصباح اور بابر سے بات ہوئی، ان کی ہمت بڑھائی، ٹیم بلند حوصلوں میں ہیں، ٹیم بقیہ چار دن گزار کر کرکٹ پر فوکس کرنے کے لیے تیار ہے۔

پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ہم منصب سے بھی بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کے بورڈ حکام سے رابطے میں موجودہ صورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :