Time 04 دسمبر ، 2020
پاکستان

انتظامیہ کا پی ڈی ایم کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار

لاہور کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) مدثر ریاض نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو لاہور میں 13 دسمبر کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

جیو نیوز سے  خصوصی گفتگو میں ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو 13 دسمبر کے جلسے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان تاریخی مقام ہے وہاں پر جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے جبکہ  کورونا پھیل رہا ہے، ان حالات میں جلسے کی اجازت نہیں بنتی۔

ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ سردی اور دھند کی وجہ سے بھی کورونا کے مزید پھیلنے کا خدشہ ہے، عوام کی لاپرواہی سے ہلاکتوں میں اضافے کا خطرہ ہے، کالا شاہ کاکو اور ایکسپو سینٹر کے قرنطینہ سینٹر دوبارہ آپریشنل کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر زیادہ خطرناک ہے، ضابطہ کار (ایس اوپیز) پر عمل نہ ہوا تو لاک ڈاؤن کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کی نظر بندی کے کوئی احکامات نہیں ملے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ بھی مینار پاکستان کے مقام پر ادا کی گئی تھی جس میں ہزاروں افراد شریک تھے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب حکومت مخالف تحریک کے تحت 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے اور اس جلسے کی میزبان پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔

30 نومبر کو بھی ملتان  میں حکومتی رکاوٹوں اور پکڑ دھکڑ کے باوجود پی ڈی ایم نے کامیاب جلسہ کیا تھا۔

مزید خبریں :