06 دسمبر ، 2020
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کاکہنا ہےکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) بڑے فیصلےکرنے جارہی ہے، 8 دسمبر کے اجلاس کے بعد آر ہوگا یا پار ہوگا۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر استعفوں کا آپشن استعمال کیا تو ساتھ دینا ہوگا، کسی کے دباؤ میں نہیں آنا جو دباؤ میں آکر پارٹی کے خلاف گیا، عوام اس کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے۔
مریم نوازکاکہنا تھا کہ پاکستان کے عوام یہ جنگ جیت چکے ہیں، لاہور میں 13 دسمبر کے جلسے میں فتح کا اعلان ہونا باقی ہے، ممبران اسمبلی تیار رہیں، لاہور جلسے کی تیاری کے لیے جتنی ایف آئی آر کٹیں انہیں گلے میں ہار بناکر پہن لیں، پتا چلے یہ حکومت کتنی ڈری ہوئی ہے۔
لیگی نائب صدر نے وزیر اعظم عمران خان کو تابعدار خان کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کانام آج سے تابعدارخان رکھ دینا چاہیے، آج کل چور، ڈاکو کو ایماندار اور تابعدار کہاجاتا ہے، یہ بندہ ایماندار بھی ہے اور تابعدار بھی ہے، کسی نے ملک کی لاکھ خدمت کی ہو لیکن تابعدار نہ ہو تو وہ فارغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان دعویٰ کرتے تھے کہ پوری دنیا میں سبزپاسپورٹ کی عزت ہوگی لیکن ہماری تو بیرون ملک پروازیں ہی بند ہوگئیں، کوئی ہے جو وزیراعظم سے ان کے دعوؤں کے متعلق پوچھے۔
نائب صدر ن لیگ کاکہنا تھا کہ ایل این جی کی تاخیر سے درآمد پر وزیراعظم کا کچن چلانے والے دوستوں کو فائدہ پہنچایاگیا، ایل این جی اس لیے دیر سے منگوائی کیوں کہ ان کے دوستوں کے فرنس آئل پلانٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب روٹی 30 روپے کی ہوگی تو ایک گھرکیسے گزارہ کرے گا؟ گیس آ نہیں رہی لیکن بل بڑے بڑے آرہے ہیں، آج ادویات کئی گنا مہنگی ہو گئیں لیکن کسی کو کوئی تکلیف نہیں کیونکہ بندہ تابعدار ہے، یہ حکومت گھرجائےگی تو ملک چلے گا، منہگائی ختم ہوگی۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے تحت 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ عام کا اعلان کیا گیا ہے اور اس جلسے کی میزبان پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کو لاہور جلسے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی کوئی رکاوٹ ڈالیں گے لیکن قانون ٹوٹے گا تو منتظمین پر مقدمہ درج ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، نائب صدور مریم نواز اور حمزہ شہباز کے درمیان اہم ملاقات ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق تینوں کے مابین ہونے والی ملاقات میں پی ڈی ایم کے لاہور میں ہونے والے جلسے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی 13 دسمبر کو لاہور جلسے میں اسمبلیوں سے استعفے دینےکا اعلان کر سکتے ہیں۔