07 دسمبر ، 2020
مینجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت ملنے کے بعد پاکستان کرکٹ اسکواڈ نے کوئنز ٹاون جانے کی تیاریاں شروع کر دیں۔
پاکستان کرکٹ اسکواڈ کو آج مینجڈ آئسولیشن چھوڑنے کی اجازت دی گئی ہے جو کووڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے پر دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ اسکواڈ کی کل کوئنز ٹاؤن روانگی شیڈول ہے اور اسکواڈ کے اراکین آئسولیشن کے اختتام اور ٹیسٹ منفی آنے پر خوش ہیں۔
اسکواڈ کے اراکین نے ایک دوسرے سے بات کرکے خوشی کا اظہار کیا اور اسکواڈ کے اراکین نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کے تعاون اور ہمت بندھانے پر شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قومی اسکواڈ میں شامل 52 ارکان کل کرائسٹ چرچ کی مینجڈ آئسولیشن چھوڑ دیں گے اور ایک رکن مزید اپنی آئسولیشن کی مدت مکمل کرتے ہی کوئنز ٹاؤن میں موجود اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے، اس رکن کی آئسولیشن کی مدت جمعرات کو مکمل ہو گی۔
قومی اسکواڈ کل مینجڈ آئسولیشن چھوڑ کر قریبی ہوٹل پہنچ جائے گا جہاں کچھ گھنٹے آرام کے بعد اسکواڈ منگل کو کرائسٹ چرچ سے کوئنز ٹاؤن روانہ ہوجائے گا۔
اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم آکلینڈ سے کوئنز ٹاون پہنچیں گے، انہیں کھانسی کی شکایت پر دبئی سے آمد پر آکلینڈ روک لیا گیا تھا جب کہ باقی اسکواڈ کرائسٹ چرچ پہنچا، شاہد اسلم نے اپنی آئسولیشن آکلینڈ میں مکمل کی جہاں ان کے تمام ٹیسٹ منفی آئے۔