12 دسمبر ، 2020
صوبہ پنجاب کے وزیر برائے قانون پنجاب راجا بشارت نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور جلسے کی سیکیورٹی سے متعلق نیشنل کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) اور دیگر اداروں کی طرف سے الرٹ ہے جس سے پی ڈی ایم کی قیادت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنان کی گرفتاریوں کا پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات کی روشنی میں پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہیں دی۔
راجا بشارت کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی سے متعلق نیکٹا اور دیگر اداروں کی طرف سے الرٹ ہے جس سے پی ڈی ایم کی قیادت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے لیکن حکومت یہ موقع فراہم نہیں کرے گی جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے کل لاہور میں مینار پاکستان پر عوامی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔